کراچی(سی این این) چینی قونصلیٹ پر حملے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 2 مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔ ایک مبینہ سہولت کار کو کراچی جبکہ دوسرے کو شہداد پور سے گرفتار کیا گیا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ایک ٹیم شہداد پور روانہ ہوگئی ہے، جو وہاں سے گرفتار شخص کو کراچی منتقل کرے گی۔حراست میں لئے گئے ملزمان سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کراچی سے گرفتار ملزم چینی قونصلیٹ پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں سے آخری بار رابطے میں تھا، جس سے مزید تفتیش کے بعد ہی صورتحال واضح ہوسکے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز 3 دہشت گردوں نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش کی تھی، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کرلیا تھا۔حملہ آوروں کی شناخت رزاق، ازل خان مری عرف سنگت دادا اور رئیس بلوچ کے نام سے ہوئی۔