کراچی: ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لئے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ملک بھر میں قومی اسمبلی کی 270 جب کہ چاروں صوبوں کی 570 نشستوں پر پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 6 بجے تک بلاتعطل جاری رہا۔ ووٹوں کی گنتی جاری ہے تاہم الیکشن کمیشن نے شام 7 بجے سے قبل انتخابی نتیجوں کا اعلان کرنے پر پابندی لگارکھی ہے۔انتخابی عمل میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت کل 122 سیاسی و مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔ قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے 12 ہزار 570 امیدوار میدان میں ہیں۔ قومی کی 2 اور صوبائی اسمبلیوں کی 6 نشستوں پر مختلف وجوہات کی بناء پر انتخابات ملتوی کئے گئے ہیں جب کہ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 6 سے پیپلز پارٹی کے میرشبیر بجارانی الیکشن سے قبل ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں