ماسکو (سی این این) سعودی عرب کی فٹبال ٹیم بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی اور کھلاڑیوں کو لے جانیوالے روسی طیارے میں دوران پرواز ہی آگ لگ گئی جس پر طیارے کو روس کے روستوان ڈان ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی واقعہ میں تمام کھلاڑی اور آفیشلز محفوظ رہے تاہم آتشزدگی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا گیا کہ دوران پرواز روسی ایئرلائن کے ایئربس طیارے سے پرندہ ٹکراگیا جس کے بعد انجن میں آگ بھڑک اٹھی۔ ایئرلائن انتظامیہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق پرندہ ٹکرانے کے بعد انجن کو نقصان پہنچا جس کے باعث آگ بھڑک اٹھی تاہم مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔ماہرین کا خیال ہے کہ اگر بروقت طیارہ لینڈنگ کرنے میں کامیاب نہ ہوپاتا تو کسی بڑے سانحے کا سامنا کرنا پڑسکتاتھا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اب تک صرف ایک میچ کھیلا ہے جس میں اسے میزبان روس کے ہاتھوں شکست کھانا پڑی تھی تاہم دوسرا میچ اب یوروگوئے کیخلاف کل کھیلے گی ۔