کوئٹہ(سی این این) مسلم لیگ ن کی سابق رکن اسمبلی ثمینہ شکیل نے بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ جام کمال اور وزیراعلی بلوچستان سے ملاقات کرکے بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔سربراہ بلوچستان عوامی پارٹی سردار جام کمال نے کہاکہ ہماری جماعت عوامی ترقی کا نعرہ لیکر نکلی ہے ، نظریاتی سیاست کے دعویداروں نے عوام کو پسماندہ رکھا عوام اب کسی کے دھوکہ میں نہیں آئے گی بلکہ وہ حقیقی ترقی دینے والوں کے ساتھ چلے گی،بلوچستان میں بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد عوام حقیقی معاشی تبدیلی صوبے میں دیکھیں گے۔ ثمینہ شکیل نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبہ کی حقیقی عوامی نمائندہ جماعت ہے جس میں خواتین کو برابری کی بنیاد پر پارٹی میں شراکت داری دی جارہی ہے جس کی نظیر ماضی میں نہیں ملتی۔ سردار جام کمال کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو ہمیشہ نظرانداز کیا گیا بلوچستان کے فیصلے ہمیشہ اسلام آباد یا لاہور میں کئے جاتے رہے جس کی خاص وجہ یہاں کی لیڈر شپ رہی ہے جو صرف مراعات اور عہدوں کیلئے بلوچستان کیلئے آواز بلند نہیں کرتے تھے، مگر اب ایسا نہیں ہوگا، ہماری جماعت بلوچستان میں عام انتخابات میں کامیابی کے بعد مرکز میں اسی کے ساتھ اتحاد کرے گی جو عملی طورپر بلوچستان کی ترقی میں دلچسپی لے گی اور بلوچستان کو ہر حوالے سے ترجیح دے گی۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں آج بھی پرانے منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ نئے منصوبوں پر ایک آنہ بھی خرچ نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کا خواب دکھاکر بلوچستان کے عوام کے ساتھ مذاق کیا گیا حقیقت تو یہ ہے کہ بلوچستان میں سی پیک کے حوالے سے کسی منصوبہ پر کوئی کام نہیں کیا گیا۔