پشاور(سی این این) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر کی مساجد میں لاکھوں افرادآج20رمضان المبارک کو اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کریں گے۔ معتکفین کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ بادشاہی مسجداورجامع مسجدالقادسیہ سمیت محکمہ اوقاف کے زیرانتظام مساجد میں ہزاروں افراد اعتکاف کریں گے۔ مساجد میں رش بڑھ جائے گا ۔طاق راتوں میں خصوصی دعوتی و تبلیغی پروگرام بھی ہوں گے۔ ملک بھر کے ہرچھوٹے بڑے شہر،قصبوں ودیہاتوں کی مساجد میں لوگ آج20 رمضان المبارک کی شام مغرب کی نماز مسجد میں ادا کریں گے اوررات عبادت کے بعد نماز فجر کے متصل بعد خیموں میں داخل ہوں گے۔ عیدالفطر کاچاند نظرآنے کے بعد اعتکاف ختم کیاجائے گا ۔صوبائی دارلحکومت کی بڑی مساجد میں معتکفین کیلئے انتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی ہے۔ یو ا ین پی کے مطابق بادشاہی مسجد میں سینکڑوں افراد اعتکاف کریں گے۔ جامع مسجدالقادسیہ چوبرجی میں جہاں حافظ محمدسعید خطبہ جمعہ دیتے ہیں گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی ہزاروں کی تعداد میں مردوخواتین اعتکاف بیٹھیں گے۔ مسجدالقادسیہ میں مردوں کی طرح سینکڑوں خواتین بھی اعتکاف کرتی ہیں جن کیلئے شرعی پردہ کامکمل انتظام موجود ہوتاہے۔ محکمہ اوقاف کے زیرانتظام مساجد میں بھی ہزاروں افراداد اعتکاف کریں گے۔رمضان المبارک کا تیسراعشرہ شروع ہوتے ہی مساجد میں رش پہلے سے بہت بڑھ جائے گا طاق راتوں میں مسلمان خصوصی عبادت کریں گے اورکشمیر وفلسطین سمیت دیگرخطوں کے مظلوم مسلمانوں کیلئے دعائیں کی جائیں گی آخری عشرہ کی طاق راتوں میں لیلۃ القدر کوتلاش کرنے کیلئے مسلمان ساری رات اللہ کے حضور عبادات کرتے ہوئے اپنی حاجات ومناجات پیش کریں گے۔