شارجہ سٹی(سی این این) ماہ رمضان کا آغاز ہوتے ہی شیطان کو تو زنجیروں میں جکڑ دیا جاتا ہے لیکن ہمارے ہاں ناجائز منافع خوری کرنے والے شیطان آزاد ہو جاتے ہیں اور قیمتیں اتنی بڑھا دیتے ہیں کہ بیچارے عوام بلبلا اٹھتے ہیں۔ دوسری جانب شارجہ میں رہنے والوں کی خوش قسمتی دیکھئے کہ وہاں ہر سال ماہ مقدس میں ایک عظیم الشان سیل کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں اشیاء کی قیمتیں اتنی کم ہوتی ہیں کہ بعض تو گویا مفت دستیاب ہوتی ہیں۔اس بار بھی شارجہ میں 100 سے زائد بڑے برانڈز کے ریٹیلیرز نے قیمتوں میں 80 فیصد تک کمی کردی ہے اور یہ میگا سیل اگلے 17 دن تک بھرپور طریقے سے جاری رہے گی۔ گلف نیوز کے مطابق بسلسلہ رمضان سالانہ سیل کا آغاز ایکسپو سنٹر میں آج رات سے ہورہا ہے جس کے دوران 100 سے زائد برانڈز کی جانب سے 80 فیصد تک حیران کن بچت کی پیشکش کی جا رہی ہے۔سالانہ سیل کے موقع پر سمارٹ فون، الیکٹرونک اشیاء، گھریلو اشیاء، کپڑے، جوتے، بیگ، چشمے، پرفیوم، جیولری، غرضیکہ کے ہر شے ناقابل یقین بچت کے ساتھ دستیاب ہوگی۔ جن مشہور برانڈز کی جانب سے سالانہ سیل کے موقع پر غیر معمولی ڈسکاؤنٹ کی پیشکش کی جارہی ہے ان میں گیس، گینٹ، نائن ویسٹ، نیچر لائزر، ایگنر، سکیچرز، کینتھ کول، ایسکاڈا، ایسکس، لاسینزا، ٹمبرلینڈ، یو ایس پولو، بوش، جمبو الیکٹرونکس، کیئر فور، گرینڈ سٹورز اور بی ایچ ایچ وغیرہ شامل ہیں۔ رمضان نائٹس کے نام سے اس سالانہ سیل کا اہتمام پہلے بھی کیا جاتا تھا لیکن اس سال یہ بہت بڑے پیمانے پر منعقد ہورہی ہے۔ سیل کے ساتھ گیمنگ ایریا میں بھی کسٹمرز اور ان کے بچے شاندار گیمز سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں جبکہ مشہور ریستورانوں اور فوڈ سٹالز کی جانب سے پیش کئے جانے والے مفت کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ رمضان سیل کے اوقات 31 مئی سے 16 جون تک رات 8 بجے سے 2 بجے تک ہوں گے جبکہ عید کے دنوں میں اس کے اوقات شام پانچ بجے سے رات 11 بجے تک ہوں گے۔