بہاولپور (فدرا ملک) الیکشن سے قبل اگر مسلم لیگ (ن) نے بہاول پور صوبہ بحال نہ کیا تو اہل بہاول پور ووٹ کے ذریعے انتقام لیں گے۔ پنجاب اسمبلی سے بہاول پور صوبہ بحالی کی قرار داد منظور کرکے مسلم لیگ(ن) نے بہاولپور کے عوام سے ووٹ لیے مگر دو بارہ بر سر اقتدار آنے کے بعد اہل بہاول پور سے کیا گیا وعدہ بھول گئے ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر متحدہ تحریک بحالی صوبہ بہاول پور قاری مونس بلوچ، صوفی ازم کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکر ٹری ملک محمدقاسم کھوکھر اور اوچ شریف ٹرسٹ ضلع بہاول پور کے جنرل سیکر ٹری سلطان محمود لنگاہ نے میٹنگ کے دوران کیا۔’’سرزمین صوبہ بہاول پور‘‘ کے عوام کا این این سی ایوارڈ کا حصہ تخت لاہور پر خرچ کیا جارہا ہے۔ اس خطہ کے عوام کے ساتھ معاشی اور تعلیمی دہشت گردی کا سلسلہ موجودہ حکمرانوں نے بھی جاری رکھا ہو ا ہے۔ جمعیت علماء اسلام(ف) ، جمعیت علمائے پاکستان اور جماعت اسلامی بہاول پور صوبہ بحالی کوباقاعدہ منشور کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بہاول پور صوبہ بحالی نوشتہ دیوار ہے۔1970 ء سے اب تک تحریک تسلسل کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب اہل بہاول پور اپنے فیصلے خود کریں گے اور بہاول پور کے وسائل بہاول پور پر ہی خرچ ہوں گے۔