کولمبو(سی این این)کرکٹ میں کرپشن کا ایک اورسکینڈل بے نقاب ہوگیا اور سری لنکا میں ’وکٹ فکسنگ‘ کی سازش پکڑی گئی۔ گال سٹیڈیم کے گراونڈ سٹاف نے سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان رواں برس 6 نومبر کو ہونے والے میچ کےلئے وکٹ فکسنگ کی یقین دہانی کروائی۔رپورٹ کے مطابق اس سازش میں سابق بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹر رابن مورس اور گال سٹیڈیم کا اسسٹنٹ منیجر تھرانگا اندیکا شامل ہیں۔واضح رہے کہ بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹر رابن مورس ممبئی کی جانب سے کرکٹ کھیل چکے ہیں۔اس حوالے سے ایک انڈر کور (خفیہ) رپورٹر، بزنس مین کے روپ میں گال سٹیڈیم کے سٹاف سے ملا اور خفیہ طور پر اس بات چیت کی ویڈیو بھی ریکارڈ کرلی۔مذکورہ رپورٹر نے پوچھا کہ ‘کیا ٹیسٹ میچ 4 دن میں ختم ہوجائے گا’؟جس پر وکٹ فکسر تھرانگا اندیکا نے رپورٹر کو جواب دیا، ‘چار دن کیا، ڈھائی دن میں ہی ختم کردیں گے’۔مذکورہ وکٹ فکسر نے بھارت اور سری لنکا کے درمیان گال ٹیسٹ کی وکٹ کو بھی’فکس‘ کرنےکا اعتراف کیا، اس میچ میں بھارت نے 6 سو سے زائد رنز بنائے تھے۔دی ٹیلی گراف کی مکمل رپورٹ آج نشر کی جائےگی، جبکہ عرب ٹی وی چینل ‘الجزیرہ’ پر اس حوالے سے ڈاکیومینٹری کل (اتوار) کو نشر کی جائے گی۔دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے مکمل طور پر منظر عام پر آنے کے بعد معاملے کی تحقیقات کی جائے گی۔