اسلام آباد (سی این این)پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان کے خلاف سندھ بھر کے تھانوں میں مقدمات درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم عادل شیخ کی جانب سے نواز شریف کے خلاف کراچی کے شاہ فیصل تھانے میں مقدمہ درج کرایا گیا۔مقدمہ درج کرانے کے بعد اپنے بیان میں علیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرا دیا ہے۔نواز شریف اور ان کا خاندان بغاوت اور غداری کا مرتکب ہوا ہے کیونکہ دو روز قبل ایک اخبار کو دیا گیا ان کا انٹرویو غداری کے زمرے میں آتا ہے۔تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ ن لیگ ایک دہشت گرد جماعت ہے، ان لوگوں نے عدلیہ پر حملہ کیا، فوج پر حملہ کیا اور اب ملک پر حملہ کر دیا ہے۔علیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ ن لیگ پر پابندی لگنی چاہیے کیونکہ مودی کی یاری میں نواز شریف ملک سے غداری پر اتر آئے ہیں، نواز شریف غدار وطن ہیں انہیں سر عام پھانسی دینی چاہیے۔