اسلام آباد(سی این این)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ نواز شریف نااہل ہو چکے ہیں اور ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے، 30 سال سے تو لوگ انہیں دیکھ رہے ہیں اور جن لوگوں نے اس لمبے عرصے میں کچھ نہیں کیا وہ آئندہ کیا کریں گے؟ یہ صرف عوام کو دھوکا دے رہے ہیں۔سابق وزیراعظم نواز شریف کی مانسہرہ کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر تو کریمنل چارجز ہیں اور اسمبلی کا کام کریمنل چارجز پر رائے دینا نہیں ہوتا، یہ بار بار کہتے ہیں کہ ووٹ کو تقدس دو لیکن ووٹ کا ہرگز مطلب یہ نہیں ہوتا کہ آپ کو دنیا جہاں کی برائی کا لائسنس مل گیا ہے۔شفقت محمود نے کہا کہ نواز شریف کی باتوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے کیونکہ الیکشن اور جرم دو الگ الگ چیزیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے نزدیک ترقی کا مقصد صرف سڑکیں ہیں اور یہ بڑے پراجیکٹ اس لیے لگاتے ہیں تاکہ پیسہ بنائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو تعلیم، صحت اور صاف پانی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ بیرون ملک جائیدادوں کے بارے میں ان لوگوں نے آج تک وضاحت نہیں دی، ان کے سارے کاروبار فیل ہیں اور اربوں روپے کے مالک کیسے بن گئے۔شفقت محمود نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بارہا ان سے پوچھا کہ اپنے فلیٹس کے ثبوت پیش کریں لیکن یہ لوگ ایک ثبوت بھی نہ پیش پیش کر سکے۔خیال رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کا مانسہرہ میں عوامی اجتماع سے خطاب میں کہنا تھا کہ مجھے نااہل قرار دینے والے فیصلے کو بدلنا چاہتے ہو تو ایک راستہ ہے جس سے دوبارہ اہل قرار دیا جاسکتا ہوں، اس کے لیے آپ کا ووٹ چاہیے ہوگا،میں نے گردن جھکانے سے انکار کیا ہے، امید ہے کہ عوام میرے ساتھ اپنا سراٹھا کر چلیں گے۔