سرینگر(سی این این) چیئرمین حریت سید علی گیلانی نے چھتر گل کے معصوم طالب علم محمد عامر لون جو فورسز کی راست فائرنگ سے شدید زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لا کر شہید ہوئے کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے افواج کے ہاتھوں معصوم شہریوں کی ہلاکتیں کسی بھی مہذب سماج کے لئے ناقابل برداشت ہیں ۔ ایک بڑے عوامی اجتماع سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے سید علی گیلانی نے کہا کہ ایک غیور قوم کی حیثیت سے ہمیں اپنے شہداء کے خون کا معاوضہ بجلی ، پانی ، سڑک اور ملازمت جیسے حقیر مفادات کی صورت میں مانگنے سے پرہیز کرنا چاہئے۔ ہمارے شہداء کی قربانیاں تقدس میں حرم سے بڑھ کر ہیں ۔ حریت چیئرمین نے شہداء کے مقدس مشن کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے ایک لائحہ عمل کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہندواز سیاست دانوں اور ان کی مکروہ چالوں سے دور رہنا چاہئے ۔ انہیں ووٹ دینے سے اجتناب کیا جانا چاہئے اور حقیر مفادات کے لئے ان کے سامنے بھیک نہیں مانگنی چاہئے ۔ حریت رہنما نے نوجوانوں سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اسلامی تعلیمات سے اپنے کردار کو روشن کرنا چاہئے۔ شراب خوری ، منشات ، بے راہ روی اور بے حیائی کے کاموں سے پرہیز کرتے ہوئے ایک صالح کردار کے ساتھ تحریک آزادی کا ساتھ دینا چاہئے۔