اسلام آباد(سی این این)احتساب عدالت نے شریف خاندان کیخلاف ریفرنس کی سماعت کے دوران نوازشریف اورمریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کی، کیپٹن(ر)صفدر احتساب عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سابق وزیراعظم نوازشریف اوران کی صاحبزادی موسم خراب ہونے کی وجہ عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔نوازشریف کے وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ خراب موسم کے باعث نوازشریف اورمریم نوازنہیں پہنچ سکے،عدالت سے استدعا ہے کہ انہیں آج حاضری سے استثنیٰ دیا جائے ۔احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیاکہ آپ کیسے لاہور سے یہاں پہنچے؟،اس پر مریم نوازکے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ میں توکل بذریعہ روڈآگیاتھا۔عدالت نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد نوازشریف اور مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔