اسلام آباد (سی این این)انسداد دہشتگردی کی عدالت نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سمیت دھرنا قائدین کے خلاف 3 مقدمات داخلِ دفتر کردیے۔ اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں علامہ خادم رضوی سمیت دھرنا قائدین کے خلاف کیسز کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت پراسیکیوشن نے استدعا کی کہ مقدمات کی نئے سرے سے تحقیقات کی جارہی ہیں، تحقیقات مکمل ہونے پر نیا چالان جمع کرایا جائے گا اس لیے علامہ خادم رضوی سمیت دھرنا قائدین کے خلاف 3 مقدمات کو داخل دفتر کیا جائے۔ عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا منظور کرتے ہوئے مقدمات داخل دفتر کردیے اور کیسز کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ کیس داخل دفتر ہونے کے بعد پراسیکیوشن کی جانب سے جب تک عدالت میں دوبارہ چالان جمع نہیں کرایا جاتا تب تک کیسز کی سماعت نہیں ہوگی۔