لاہور(سی این این )معروف گلوکارہ و اداکارہ رابی پیرزادہ کا کہناتھا کہ اس وقت ہمارے ملک میں نوجوان فلم میکرز کی بڑی تعداد عمدہ کام کررہی ہے، اچھے موضوعات پرخوبصورت چہروں کے ساتھ جوفلمیں سینما گھروں کی زینت بن رہی ہیں، ان سے فلم انڈسٹری کونئی سمت مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اچھے موضوعات کے ساتھ ساتھ اس وقت پکچرائزیشن پربھی خاص توجہ دی جارہی ہے، یہی نہیں جدید ٹیکنالوجی بھی پاکستانی فلم کوبحران سے نکالنے میں اہم کردارادا کر رہی ہے، اس وقت سب سے زیادہ سوچ طلب بات یہ ہے کہ فلم بنانے والوں کی اکثریت کا تعلق ڈرامہ انڈسٹری سے ہے اسی لیے فلم کے رنگ میں ٹیلی فلم یا ڈرامے کا رنگ نمایاں لگتا ہے۔ اس پر اگر تھوڑی سی توجہ دی جائے تواس سے خاصی بہتری لائی جاسکتی ہے۔اداکارہ نے کہا کہ نوجوان فلم میکرز کویہ بات سمجھنی چاہیے کہ فلم کا سکرپٹ، اسکرین پلے ، ڈائیلاگ ڈلیوری اور پکچرائزیشن ٹی وی ڈرامہ سے بالکل ہی مختلف اور فاسٹ ہوتی ہے۔